پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو فائنل کال احتجاج کی تیاریاں مکمل کر لیں، ٹاکرےکا امکان
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم سب کےلیے تحریک انصاف کا نعرہ’اب نہیں تو کبھی نہیں، ہم نہیں تو کون‘ کو ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں احتجاج کو فائنل شکل دے دی ہے اور اسلام آباد کو ہر طرف سے گھیر جائے گا.
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ انشاءاللّٰہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم سب کےلیے تحریک انصاف کا نعرہ’اب نہیں تو کبھی نہیں، ہم نہیں تو کون‘ کو ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے اور انصاف لیں گے یا غلامی قبول کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے، ہم اس کو مایوس نہیں کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات عمران خان کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے، تحریک انصاف کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون مرتا نہیں بلکہ بڑھتا ہے۔
عمران خان کے تمام کیس ختم ہوچکے ہیں
بانی چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نےکہا ہے کہ عمران خان کے تمام کیس ختم ہوچکے ہیں۔ امید ہے وہ جلد رہا ہو جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان صفدر نے کہا کہ اُن کے علم میں کوئی ایسا مقدمہ نہیں جس میں بانی ٹی آئی کی ضمانت ہونا باقی ہو۔
وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا
وزارت داخلہ نے رینجرز اور ایف سی کی اسلام آباد میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق وزارت داخلہ نے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
چیف کمشنر نے رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔ رینجرز اور ایف سی کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔ رینجرز اور ایف سی وفاقی پولیس کی امن و امان کے معاملے پر معاونت کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 نومبر کو دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہوئی ہے۔