ساہیوال بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان 2024 کے پارٹ ون (فرسٹ ایئر) کے نتائج کا اعلان کردیا
اس امتحان میں 22689 طالبات اور 17166 طلبہ نے شرکت کی۔
تعلیمی بورڈ ساہیوال نے انٹرمیڈیٹ امتحان 2024 کے پارٹ ون (فرسٹ ایئر) کے نتائج کا اعلان کردیا ہے.
مجموعی طور پر 39855 طلبہ وطالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 20323 پاس ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 51 فی صد رہا۔
کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں رزلٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 36619 طلبہ و طالبات نے ریگولر جبکہ 3239 نے پرائیویٹ امتحان میں شرکت کی جن میں بالترتیب 19465 اور 858 طلبہ وطالبات کامیاب قرار پائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس امتحان میں 22689 طالبات اور 17166 طلبہ نے شرکت کی۔
رزلٹ کے اعلان کے موقع پر سیکرٹری بورڈ راؤ علی ریاض، ڈپٹی سیکرٹری محمد ارشد، اسسٹنٹ کنٹرولر رمضان انجم اورسسٹم اینالسٹ محمد رفیق بھی موجود تھے۔
رزلٹ کے مطابق ضلع پاک پتن سے پاس ہونے والے طلبہ و طالبات کی شرح 52.75 فی صد، ضلع اوکاڑہ سے 51.36 فی صد اور ضلع ساہیوال سے 49.6 فی صد رہی۔