ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچویں 2 روزہ ادبی و ثقافتی کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات مکمل
یہ کانفرنس 19 اور 20 دسمبر کو جناح ہال ساہیوال میں منعقد ہوگی
ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچویں 2 روزہ ادبی و ثقافتی کانفرنس کے انعقاد کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس میں اندرون و بیرون ممالک سے اردو ادب کے مایہ ناز ادیب، محقق اور دانشور شرکت کریں گے۔
یہ کانفرنس 19 اور 20 دسمبر کو جناح ہال ساہیوال میں منعقد ہوگی اور کانفرنس کے اختتام پر شرکاء کو خصوصی طور پر ملکہ ہانس میں وارث شاہ مسجد اور پاک پتن میں بابا فرید گنج شکر کے مزار کا بھی دورہ کرایا جائے گا۔
یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کمشنر آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں کمشنرساہیوال/چیئرمین ساہیوال آرٹس کونسل شعیب اقبال سید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال کانفرنس کا عنوان ”مصنوعی ذہانت، ادب اور ثقافت“ (مسائل، خطرات اور امکانات) ہے جس پر محققین اپنے مقالہ جات پیش کریں گے۔
کانفرنس کے مختلف سیشنز کی صدارت ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ، ارکان صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک بھی کریں گے۔ کانفرنس کا افتتاح کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کریں گے جبکہ صدارت ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹر نجیب جمال اور ڈاکٹر سعادت سعیدکریں گے۔
افتتاحی سیشن میں سابق ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ لاہور ناصر عباس نیئر کلیدی خطبہ پیش کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی میں معروف ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید، ڈاکٹر رفعت عباس اور ڈاکٹر روشن ندیم ہونگے۔
افتتاحی کانفرنس کی میزبانی میاں محمد ساجد سی ای او بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کریں گے جبکہ نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر اردو حنا جمشید کریں گی۔
اسی طرح دوسرے سیشن کی میزبانی رفاہ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس کے سی ای او چوھدری محمد امین کریں گے۔
کانفرنس کے لئے بارانی انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز ، رفاہ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس اور یونیورسٹی آف ساہیوال نے خصوصی تعاون کیا ہے جہاں کانفرنس کی متوازی تقریبات منعقد ہونگی۔
ڈاکٹر ریاض حسین ہمدانی نے مزید بتایا کہ کانفرنس کی خاص بات مختلف سیشنز کے درمیان ہڑپہ تہذیب سے متعلق مصوری کی نمائش، اے آئی پراجیکٹس کی نمائش، تاثراتی فلم، اردو کتب کی نمائش، ٹیبلوز، ڈرامہ (ٹیکنالوجی کا سراب)، ماں بولی مشاعرہ، شام موسیقی اور ڈرامہ (اک رات راوی دی) کا انعقاد بھی شامل ہے تاکہ شرکاء کو ساہیوال کی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرایا جا سکے۔