ممبرصوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک کی وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکت
مریم نواز نے محمد ارشد ملک کی طرف سے دی گئی تمام تجاویز کو ضروری کاروائی کے لئے متعلقہ محکموں کو بجھوا دیا ہے۔
ساہیوا ل (ساہیوال ٹوڈے) ممبرصوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک شہر کے مسائل حل کرانے کے لئے سرگرم، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اپنے حلقہ پی پی 200کے لئے خصوصی پیکج منظور کرنے کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں اپنے حلقہ پی پی 200کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مانگ لئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ساہیوال شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ عارف والا پل سے ملتان بائی پاس چوک تک 2کلو میٹر سنگل سڑک کو دورویہ بھی کیا جائے تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جاسکے۔
انہوں نے غلہ منڈی کو پاکپتن روڈ پر شفٹ کرنے، کمیر میں دربار محمد پناہ سے متصل مسجد کی تزئین و آرائش کرنے، کمیر میں ہی محکمہ اوقاف کی 8 کنال خالی جگہ پر مریم نواز لیڈیز پارک تعمیر کرنے اور وہاں ڈی پی ایس کا سب کیمپس قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی کہ غلہ منڈی ساہیوال میں قائم منی ہسپتال کو اپ گریڈ کرکے وہاں مزید طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور یونین کونسل نمبر 8 پیپلز کالونی میں 24 کنال سرکاری اراضی پر عوام کی تفریح کے لئے ایک پارک بھی تعمیر کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے محمد ارشد ملک کی طرف سے دی گئی تمام تجاویز کو ضروری کاروائی کے لئے متعلقہ محکموں کو بجھوا دیا ہے۔