ڈی پی ایس ساہیوال کی نئے کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کےلیے منظوری
کمشنر نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لئے نئے سروس رولز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے نئے کیمبرج سکول کیمپس کی تعمیر کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے کی منظوری دے دی۔
بورڈ اجلاس کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال ایجوکیشنل ٹرسٹ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، اے ڈی سی ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، پرنسپل برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، وائس پرنسپل اکبر علی، بورڈ ممبران پروفیسر قمر الزمان خان، حبیب جیلانی وینس اور سید افتخار علی شاہ اور برسر کاشف ستار نے بھی شرکت کی۔
حبیب جیلانی وینس نے منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 23 کروڑ روپے کے تخمینہ کے لئے 5 کمپنیوں نے ٹینڈر جمع کروائے جس میں سے15.54 فی صد کم بولی دینے پر میسرز چوہدری بلڈرز کو یہ کام 19 کروڑ 47 لاکھ 69 ہزار روپے پر ایوارڈ کرنے کی تجویز ہے۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے نئے کیمپس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیمپس کی تعمیر مقررہ ایک سال کے اندر ہر صورت مکمل کی جائے۔
انہوں نے کام کی کوالٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں تمام نئے ٹیچرز کی بھرتی 3 سالہ کنٹریکٹ پر ہوگی جسے اچھی کارکردگی پر مزید بڑھایا جاسکے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی پی ایس ساہیوال میں نئے بھرتی ہونے والے سینئر ٹیچر کو 55 ہزار روپے اور جونیئر ٹیچر کو 45 ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے۔ جبکہ فیصل آباد ڈی پی ایس دونوں کیٹیگری میں 38ہزار روپے اور اوکاڑہ ڈی پی ایس میں 30 ہزار روپے ادا کرتے ہیں۔
کمشنر نے نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لئے نئے سروس رولز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف اداروں کی جانب سے سکول میں بچوں کے ٹیسٹ لینے سے بھی منع کر دیا۔