کمشنر ساہیوال ڈویژن کا ڈی پی ایس ساہیوال میں زیر تعمیر کیمبرج سکول کیمپس کا دورہ
ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، پرنسپل اکبر علی اور کیمبرج کیمپس کی وائس پرنسپل مومنہ ایزد بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ساہیوال (ساہیوال نیوز اپڈیٹس)
کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈی پی ایس ساہیوال میں زیر تعمیر کیمبرج سکول کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ڈی پی ایس مین کیمپس میں زیر تعمیر کیمبرج سکول کیمپس کے جاری تعمیراتی کا م کا جائزہ لینے کے لئے سائٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، پرنسپل اکبر علی اور کیمبرج کیمپس کی وائس پرنسپل مومنہ ایزد بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
انہوں نے کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنانے اور اسے مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ راوی کیمپس میں عارضی طور پر جاری کلاسز کو یہاں منتقل کیا جا سکے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب جیلانی وینس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپس کے پہلے فیز پر تعمیراتی لاگت کا تخمینہ 23 کروڑ لگایا گیا ہے اور اسے اسی سال دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپس گراؤنڈ، فرسٹ اور سیکنڈ فلورز پر مشتمل ہوگا جس کا کل تعمیراتی ایریا 34452 سکوائر فٹ ہوگا. اس ایریا میں گراؤنڈ فلور پر 7 کلاس رومز اور فرسٹ فلور پر 5 کلاس رومز کے علاوہ فزکس اور بیالوجی لیبارٹریز تعمیر ہونگی۔
اسی طرح سیکنڈ فلور پر مزید 10 کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ تمام کلاس رومز ہوادار ہونے چاہیں اور ان میں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔