ایمریٹس ڈرا میں پاکستانی کی ڈیڑھ کروڑ درہم کی لاٹری نکل آئی
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری محمد انعام نے صرف 15 درہم کا ٹکٹ خریدا تھا
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک پاکستانی شہری محمد انعام کی ڈیڑھ کروڑ درہم کی لاٹری لگ گئی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری محمد انعام نے صرف 15 درہم کا ٹکٹ خریدا تھا جس کی بنیاد پر انہوں نے ایک کروڑ 50 لاکھ اماراتی درہم جیت لیے ہیں۔
یاد رہے کہ یو اے ای مختلف قسم کے لکی ڈراز اور ریفلز کے حوالے سے کافی مشہور ہے، جن میں بہت ساری اسکیمیں بڑی نقد رقم، لگژری کاریں، ریئل اسٹیٹ اور گولڈ کے انعامات پیش کیے جاتے ہیں۔
انعام جیتنے والا پاکستانی شہری محمد انعام یو اے ای کی ریاست ابوظہبی میں مقیم ہے اور ایک نجی فرم میں فنانس آڈیٹر کے طور پر کام کرتا ہے۔
ایمریٹس ڈرا میں "ایزی 6 گیم” کے حالیہ فاتح محمد انعام کا کہنا ہے کہ ان کا اولین مقصد حج کرنا ہے۔
حج کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اپنی جیت کا ایک حصہ خیراتی کاموں میں بھی دیا جائے گا۔