سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے تفصیلی فیصلے پر الیکشن کمشن کا اہم اجلاس
مخصوص نشستوں کے معالے پر ای سی پی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مخصوص نشستوں کے معالے پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر قانونی ماہرین سے بریفنگ لے لی۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے معالے پر ای سی پی کا اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے، قوانین اور اسپیکرز کے خطوط کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ای سی پی نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے پیدا صورتحال پر قانونی ماہرین سے بریفنگ بھی لی۔ ای سی پی کا مخصوص نشستوں اور تفصیلی فیصلے پر اجلاس کل دوبارہ ہونے کا امکان ہے۔
سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) ذرائع کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ ای سی پی ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ کو غیر فعال بنادیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اب کس قانون کے تحت کام کرے؟ ای سی پی کو مکمل طور پر ناکارہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ انتخابی نشان نہ دینا سیاسی جماعت کے انتخاب لڑنے کے قانونی اور آئینی حق کو متاثر نہیں کرتا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آئین یا قانون سیاسی جماعت کو انتخابات میں امیدوار کھڑے کرنے سے نہیں روکتا، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے۔ سپریم کورٹ فیصلے میں یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے 2024ء کے عام انتخابات قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں جیتی یا حاصل کیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 80 میں سے 39 ایم این ایز کو تحریک انصاف کا ظاہر کیا، وہ باقی 41 ایم این ایز کے 15روز کے اندر دستخط شدہ بیان لیں۔