کمشنر ساہیوال کی سرکاری ہسپتالوں میں واٹر ٹینکوں کی فوری صفائی کی ہدایت
اجلاس کے اختتام پر سابق چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں واٹر ٹینکوں کی فوری صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے عمل درآمد کا حکم دیا ہے.
تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال نے ہدایت کی ہے کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سرکاری ہسپتالوں میں واٹر ٹینکوں کی صفائی کروائیں.
پسپ پروگرام کے تحت جاری کاموں کی وجہ سے سڑک کے اردگرد پڑنے والے گڑھوں کو بھی ساتھ ساتھ پُر کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے ڈی سی روڈ، فتح شیر روڈ اور علامہ اقبال روڈ پر سٹریٹ لائٹس کو سولر پر لگانے کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے جی ٹی روڈ سے شہر میں بسوں اورویگنوں کے داخلہ کی وجہ سے ٹریفک مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے بسوں اور ویگنوں کا داخلہ بند کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ماہی شاہ قبرستان میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم پر اطمینان کا اظہارکیا اور ہدایت کی کہ اس مہم کو فالو اپ رکھا جائے تاکہ قبضہ مافیا دوبارہ سے قابض نہ ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دو تین ٹیموں کی ڈیوٹی لگائی جائے اور قبرستان کی صفائی کروائی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر سابق چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی وفات پر دعائے مغفرت کی گئی۔