اقلیتی حقوق کے لئے قومی لابنگ وفد کی وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال سے ملاقات
وفد اراکین نے اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں اقلیتوں کی نمائندگی کو اجاگر کیا۔

ساہیوال ( ساہیوال اپڈیٹس – ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ) وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا ہے کہ ملک کے تعلیم، صحت اور معاشی شعبوں میں اقلیتوں کا نمایاں کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اقلیتوں سے وابسطہ افراد ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں جسے ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے اور انہیں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے فیسوں میں رعایت دی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اقلیتی حقوق کے لئے قومی لابنگ وفد کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر کلیان سنگھ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں ڈاکٹر آئرااندریاس، حبکوک گل (سابق ایم پی اے)، عاطف جمیل ایڈوکیٹ، شہزاد فرانسس اور رومانہ بشیر شامل تھیں۔
یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر حافظ طارق مسعود اور میڈیا کوارڈینیٹر ڈاکٹر محمد ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر جاوید اختر نے ملاقات کے دوران یونیورسٹی میں داخلوں میں اقلیتوں کے لیے 2% کوٹہ اور ملازمتوں میں 5% حصہ دینے کی تقین دہانی کرائی۔
وفد اراکین نے اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں اقلیتوں کی نمائندگی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے افراد کو ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کرنے سے مختلف کمیونٹیز کے درمیان سماجی و اقتصادی تفاوت کو کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر کلیان سنگھ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر کو اپنی کتاب (گرو نانک صاحب جی) بھی پیش کی.