یونیورسٹی آف ساہیوال کی لیکچرار نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا
مسز روبینہ کوثر پہلی پاکستانی سکالر ہیں جنہیں اس فیلو شپ سے نوازا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ساہیوال نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے. ایگریکلچر اینڈ اپلائیڈ اکنامکس ایسوسی ایشن کی طرف سے شعبہ اکنامکس کی لیکچرار روبینہ کوثر کو فیلو شپ دینے کا اعلان کیا گیا ہے.
مسز روبینہ کوثر پہلی پاکستانی سکالر ہیں جنہیں اس فیلو شپ سے نوازا گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے شاندار کامیابی پر مسز روبینہ کوثر کو مبارکباد دی ہے اور اسے یونیورسٹی کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
اس فیلو شپ کا آغاز 2014 سے ہوا ہے جس میں سکالرز اپنے ملک کو درپیش غذائی قلت اور دوسرے قدرتی مسائل دور کرنے کے طریقہ ہائے کار پر ریسرچ کرتے ہیں۔
مسز روبینہ کوثر ملک کی مایہ ناز یونیورسٹی نسٹ میں پی ایچ ڈی سکالر بھی ہیں۔ یہ فیلو شپ ترقی پذیر ممالک کے ان سکالرز کو دی جاتی ہے جن کی تحقیق سے وہاں کے شہریوں کی زندگیوں میں راحت آئے اور وہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔