ساہیوال میں شوگر کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے جدید ہسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

مڈھالی روڈ پر تعمیر ہونے والا یہ ہسپتال 200 بستروں پر مشتمل ہو گا جس پر لاگت کا کل تخمینہ ڈیڑھ ارب روپے لگایا گیا ہے.

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) کمشنر ساہیوال نے ساہیوال شہر میں شوگر کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے جدید ہسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے.

تفصیلات کےمطابق "دی ڈائبٹیک سنٹر” کے زیر اہتمام ساہیوال میں شوگر کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے جدید ہسپتال کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

مڈھالی روڈ پر تعمیر ہونے والا یہ ہسپتال 200 بستروں پر مشتمل ہو گا جس پر لاگت کا کل تخمینہ ڈیڑھ ارب روپے لگایا گیا ہے اور ہسپتال کے لئے 8 کنال زمین کا عطیہ پروفیسر جاوید رشید اور ان کی فیملی نے دیا ہے۔

تقریب میں “دی ڈائبٹیک سنٹر” کے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید، بورڈ ممبر ڈاکٹر طاہر محمد عباسی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، پروفیسر جاوید رشید، ساہیوال کلب کے سیکرٹری میاں انجم حبیب، میاں صغیر انجم اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

دی ڈائبٹیک سنٹر کے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید نے بتایا کہ شوگر ایک ایشائی بیماری ہے جس کا تعلق طرز زندگی اور کھانے کی عادات سے ہے۔ پاکستان میں 30 فی صد کے قریب آبادی یا تو شوگر کی مریض ہے یا انہیں شوگر ہو سکتی ہے کیونکہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نہ تو ورزش کرتا ہے اور نہ ہی کھانے میں احتیاط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طرز زندگی میں بنیادی تبدیلیاں کرکے شوگر جیسی مہلک بیماری سے بچا جا سکتا ہے جس سے دل، جگر اور دوسری بیماریاں ہو سکتی ہیں۔

"دی ڈائیٹیک سنٹر” کے بورڈ ممبر طاہر عباسی نے بتایا کہ 2012 سے اسلام آباد میں قائم سنٹر شوگر اور اس سے ہونے والی پیچیدگیوں میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کو جدید علاج کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے جس کے تمام اخراجات مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور اور ساہیوال میں 2 مزید سنٹرز کے قیام سے ان علاقوں کے مریضوں کی طبی ضروریات بھی پوری کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔

تقریب کے اختتام پر کمشنر شعیب اقبال سید نے 4 منزلہ سنٹر کے تعمیراتی کا م کا افتتاح کیا۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر جاوید رشید نے تمام شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.