سلور جوبلی میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال ساہیوال کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس
اجلاس میں ہسپتال میں چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے کہا ہے کہ حکومت غریب عوام کو سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں میٹرنٹی ہسپتال کی بہتری کے لئے بھی دور رس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں صحت کی سہولیات میں اضافے کے لئے انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سلور جوبلی میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال ساہیوال کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی.
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل / ایڈمنسٹریٹر سلور جوبلی ہسپتال سید عثمان منیر بخاری، وائس چیئرمین / سیکرٹری حاجی احسان الحق ادریس، چوہدری سلطان محمود، پروفیسر قمر الزمان خان، چوہدری محمد نسیم، رانا وسیم اختر، مسز شاد مسعود، چوہدری انوار الحق ایڈوکیٹ، ضیاء الرحمن خان، صدر ساہیوال چیمبر آف کامرس کاشف ریاض اور ایڈوکیٹ اعجاز رشید نے شرکت کی۔
شریف چلڈرن سرجی میڈ بلاک کی تعمیر کے حوالے سے فرشتہ فیملی کے ممبر اعجاز رشید نے بتایا کہ تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور طبی مشینری کی خریداری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرجی میڈ بلاک کو 15دسمبر تک ہر صورت مکمل کر کے فنکشنل کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں ہسپتال میں چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر / چیئرمین پاکستان ریڈکریسنٹ سوسائٹی اکرام الحق نے گائنی وارڈ میں ڈلیوری کے دوران بچے کی موت کے واقعے کی انکوائری جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہسپتال میں فارمیسی کی تعمیر اور دوکانوں کا مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرایہ طے کرنے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فرشتہ فیملی کی جانب سے عطیہ کی گئی ایمبولینس کے لئے ایک ڈرائیور رکھنے کی بھی اجازت دی گئی اور مارکیٹ کے مطابق ایمبولینس کا ریٹ مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔