ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں نئے گیسٹروانٹرالوجی اینڈ ہیپاٹالوجی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح
نئے شعبے کے قیام سے مریضوں کو جدید طبی سہولیات دستیاب ہونگی.

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 12 اگست 2023) ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں نئے گیسٹروانٹرالوجی اینڈ ہیپاٹالوجی ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا. جس میں شیخ زید ہسپتال لاہور کے سربراہ شعبہ گیسٹروانٹرالوجی پروفیسر ڈاکٹر کاشف ملک نے خصوصی شرکت کی.
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نئے شعبے کے قیام سے مریضوں کو جدید طبی سہولیات دستیاب ہونگی.
تفصیلات کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں نئے گیسٹروانٹرالوجی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح نو تعمیر ہونے والے سرجیکل ٹاور میں ہوا جس کے مہمان خصوصی شیخ زید ہسپتال کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ گیسٹروانٹرالوجی / پریذیڈنٹ پاکستان سوسائٹی آف ہیپاٹالوجی پروفیسر ڈاکٹر کاشف ملک تھے.
جبکہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان اور ایم ایس ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا، ہسپتال کے مختلف شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹر اختر محبوب، ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر صفیہ اظہار، ڈاکٹر محمد امجد، ڈاکٹر حسان یوسف، ڈاکٹر محمد اسامہ، ڈاکٹر سجاد حسین اور ڈاکٹر کینتھ صحاف بھی تقریب میں موجود تھے۔
شعبہ گیسٹروانٹرالوجی کے قیام سے نہ صرف مریضوں کو جدید طبی سہولیات دستیاب ہونگی بلکہ انہیں دوسرے بڑے شہروں میں علاج کے لئے جانے کی تکلیف سے بھی نجات ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر کاشف ملک نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے انہیں آگہی بھی فراہم کریں کیونکہ پیٹ کی زیادہ تر بیماریاں آلودہ پانی پینے اور خراب کھانا کھانے سے پیداہوتی ہیں۔
انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ اپنا لائف سٹال تبدیل کریں اور مرغن کھانوں کی بجائے سادہ غذا اور ورزش کو اپنائیں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے سے گیسٹروانٹرالوجی کے مریضوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے جو باعث تشویش ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گیسٹروانٹرالوجی کی سہولیات صرف ٹیچنگ ہسپتالوں تک محدود رکھنے کی بجائے انہیں ضلع اور تحصیل کی سطح پر فراہم کیں جائیں تاکہ دوردراز کے مریضوں کو بھی آسانی ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے کہا کہ نئے سرجیکل ٹاور کی تعمیر سے ساہیوال ڈویژن اور گردونواح کے اضلاع کے ہزاروں مریضوں کو علاج کی جدید سہولیات میسر آئی ہیں جس سے ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں گئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری توجہ سے مریض کی کونسلنگ بھی کریں۔