ساہیوال آرٹس کونسل میں سرسید احمد خان کے جنم دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد

سرسید احمد خان کے خطوط اردو نثر کی بنیاد ہیں۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز) ساہیوال آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک کے زیر اہتمام سرسید احمد خان کے جنم دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا.

تقریب میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم، نامور شاعر، ادیب ڈاکٹر افتخار شفیع، ڈاکٹر ندیم عباس اشرف، پروفیسر عمران جعفر، اختر خان اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور شاعر، ادیب، دانش ور ڈاکٹر افتخار شفیع کا کہنا تھا کہ سرسید احمد خان کی علمی، ادبی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان نے برصغیر کے مسلمانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث مسلمان تعلیم کے نئے تقاضوں کی جانب راغب ہوئے اور ترقی کا سفر ان پر آسان ہوا۔

ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ سر سید احمد خان کی علمی، ادبی اور سیاسی خدمات کے بارے میں نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ناساز گار حالات کے باوجود تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی اور مسلمانوں کو جدید تعلیم کے حصول کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کا سہرا سرسید احمد خان کے سر ہے۔

ڈاکٹر ندیم عباس اشرف نے کہا کہ سر سید احمد خان کی دیگر ادبی خدمات کے ساتھ ساتھ ان کی مکتوب نگاری کے عمدہ اور اعلیٰ اسلوب کے بارے میں بھی نئی نسل کو ضرور آگاہ کرنا چاہیے۔

ان کے خطوط اردو نثر کی بنیاد ہیں۔ پروفیسر عمران جعفر نے کہا کہ سر سید احمد خان نے مسلمانوں کو جدید عصری تعلیم کا راستہ دکھا کر ان کے روشن اور تابناک مستقبل کے دروازے ان پر کھول دیے تھے۔

انہوں نے زندگی کے ہر میدان میں مسلمانوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کی اوردو قومی نظریہ کی بنیاد سر سید احمد خان نے ہی رکھی تھی۔ اختر خان نے کہا کہ سرسید احمد خان کی کتابیں آج بھی ہمیں ہماری تاریخ کی بارے میں آگاہ کرتی ہیں اور انکی علمی خدمات نے برصغیر کے مسلمانوں پر گہرے نقش مرتب کئے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.