پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول چیچہ وطنی میں تقریب تقسیم اسناد
تھانہ صدر چیچہ وطنی میں پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول قائم کیا گیا ہے.

چیچہ وطنی (ساہیوال اپڈیٹس – 16 اگست 2023 – ارشد فاروق بٹ ) پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول چیچہ وطنی میں بیج 6 کی دو ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ مکمل ہونے پر تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا.
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے کیا گیا. اس کے بعد اے ایس آئی عبدالوہاب صاحب نے ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی زندہ قوموں کا شعار ہے. آپ نے جو سیکھا اس پر سختی سے عمل کریں اور دوسروں کو بھی سکھائیں.
اس کے بعد سٹوڈنٹس نے دوران ٹریننگ پیش آنے والے مسائل پر اظہار خیال کیا اور ٹریننگ میں بہتری کے لیے تجاویز دیں. سٹوڈنٹس نے ٹریننگ اور اساتذہ کرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا. آخر میں کلاس مکمل کرنے والے طلباو طالبات میں اچیومنٹ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے.
واضح رہے کہ اہلیان چیچہ وطنی کو اب ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے ساہیوال جانے کی ضرورت نہیں. تھانہ صدر چیچہ وطنی میں پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ اسکول قائم کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی موٹرکار اور ایل ٹی وی کی تربیت کے لیے علیحدہ ٹریک بنائے گئے ہیں.
چیچہ وطنی کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹریننگ کی فیس بہت کم رکھی گئی ہے. موٹرکار لائسنس کے لیے ٹریننگ کلاس کا دورانیہ دو ہفتے ہے اور فیس تین ہزار روپے ہے. جبکہ ایل ٹی وی لائسنس کے لیے ٹریننگ کلاس کا دورانیہ 45 دن ہے اور فیس چھ ہزار روپے ہے.