نگراں حکومت آنے کے باوجود ریاستی جبر میں تیزی آئی ہے، تحریک انصاف

کور کمیٹی نے حقوق سے بدستور محرومی اور انتقامی کاروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے.

لاہور (ساہیوال اپڈیٹس – 19 اگست 2023 – این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے جیل میں پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق کور کمیٹی نے حقوق سے بدستور محرومی اور انتقامی کاروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت آنے کے باوجود ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ریاستی جبر میں تیزی آنا قابل مذمت ہے.

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس میں قانونی ٹیم نے پارٹی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف مقدمات پر اب تک کی پیشرفت پرمفصل بریفنگ دی ہے۔

کور کمیٹی کی جانب سے امریکا میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے (سائفر ) اور 9 مئی کے واقعات پر حقائق کے تعین اور قوم کی ان سے آگاہی کیلئے فوری طور پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشنز کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا.

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے خلاف ہونے والے اقدامات کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کو گردانتی ہے. پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو ہونے والا احتجاج درحقیقت انہی قوتوں کے خلاف شٹ اپ کال تھی جو کہ وقتی طور پر ناکام ہو گئی ہے.

دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ اور ان کی حامی قوتوں کی عدم مقبولیت انتہاؤں کو چھو رہی ہے. کمر توڑ مہنگائی نے اس نفرت میں مزید اضافہ کیا ہے جس کے باعث اب عام انتخابات سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.