ساہیوال بورڈ : میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 15 ستمبر سے شروع ہو گا
تعلیمی بورڈ ساہیوال نے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر 19 امتحانی سنٹرز قائم کئے ہیں.

ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 2023، 15 ستمبر بروز جمعہ سے شروع ہو رہا ہے جس میں 6472 طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔
تعلیمی بورڈ ساہیوال نے ان طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر 19 امتحانی سنٹرز قائم کئے ہیں جن میں 6 ضلع ساہیوال، 9 ضلع اوکاڑہ اور 4 ضلع پاکپتن میں ہیں۔
یہ بات کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔ انہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ان امتحانات میں سائنس کے مضامین میں 3450 طلبہ اور 1854 طالبات شرکت کر رہی ہیں۔
جبکہ جنرل کیٹگری میں 627 طلبہ اور 541 طالبات شرکت کریں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال اور اوکاڑہ میں 4، 4، دیپالپور میں 3 اور چیچہ وطنی، پاکپتن، عارفوالا اور رینالہ خورد میں 2، 2 سنٹرز بنائے گئے ہیں جن پر امتحانی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔