ساہیوال میں اینٹی ڈینگی اینڈ سینی ٹیشن ویک کا باقاعدہ آغاز
اس سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا.

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 21 اگست 2023) محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کیمونٹی ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام 21 اگست سے26 اگست تک ضلع بھر میں اینٹی ڈینگی اینڈ سینی ٹیشن ویک کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ضلع کونسل ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری تھے.
جبکہ اے سی ساہیوال محمد عظمان چوہدری، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی سمیت محکمہ ایجوکیشن، طلباء اور سول سوسائٹی نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری نے کہا کہ بارشوں اور حبس کی وجہ سے مچھر کی افزائش میں اضافہ ہورہا ہے جس پر قابو پانے کے لئے اجتماعی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تمام متعلقہ محکمے اپنا اہم کردار ادا نہیں کریں گے اس بیماری پر قابو پانا نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گھروں، دفاتر کی صفائی یقینی بنانے سے اس موذی مرض سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی نے کہا کہ ہر شہری محکمہ لوکل گورنمنٹ کی اس اہم مہم میں شامل ہو کر اپنے گھروں کی اور گھر میں موجود فریج، ائیرکولرز، اے سی وغیرہ کی صفائی یقینی بنائے اور کہیں پر صاف پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو کنٹرول کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اس لئے ہم سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان نے اینٹی ڈینگی اینڈ سینی ٹیشن ویک بارے بتاتے ہوئے کہا کہ آج 21اگست کو اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور 22اگست کو ہاوس کیپنگ ہو گی جس کے تحت دفاتر، گھروں، دیہاتوں میں واٹر سپلائی، ڈرینج اور کباڑخانوں کی صفائی یقینی بنائی جائے گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 23 اگست کو قبرستانوں کی صفائی، وہاں موجود جھاڑیوں کی صفائی کی جائے گی اور قبرستانوں کے داخلی و خارجی راستوں پر عوامی آگہی کے لئے بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔
اسی طرح 24 اگست کو ڈرینج لائنز، بس سٹاپس، پلے گراؤنڈز و دیگر عوامی جگہوں کی صفائی کی جائے گی جبکہ 25 اگست بروز جمعتہ المبارک کو مساجد میں خطبات میں لوگوں کوصفائی ستھرائی کے حوالے سے بتایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ 26اگست کو ڈینگی اور صفائی کے حوالے سے عوامی آگہی کے لئے سیمینارز اور واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ سیمینار کے اختتام پر ڈینگی اور صفائی کے حوالے سے آگہی کی گئی اور لوگوں میں پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔