گورنمنٹ ڈگری کالج چیچہ وطنی میں سٹاف کا طالبات سے ہتک آمیز سلوک

بچیوں کے رابطہ کرنے پر والدین نے سٹی پریس کلب چیچہ وطنی سے رابطہ کیا۔

چیچہ وطنی (ساہیوال اپڈیٹس – سٹی پریس کلب) گورنمنٹ ڈگری کالج چیچہ وطنی میں تعینات پرنسپل قاسم اعوان اور پروفیسر افضل طیار کی جانب سے مبینہ طور پر بچیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا واقعہ سامنے آیا ہے.

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج میں اساتذہ کی جانب سے ناروا سلوک کی شکار طالبات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے گھر فون کرانے کے لیے پرنسپل آفس پہنچیں جہاں پہلے سے طلبا موجود تھے.

پرنسپل قاسم اعوان نے طالبات کو کہا کہ "آپ کو میرے دفتر آنے کی کیا ضرورت تھی، میں لڑکوں کو آپ کے پاس بھجوا دیتا ہوں.” طالبات کا مؤقف ہے کہ انہیں پرنسپل آفس میں لڑکوں کی موجودگی کا علم نہیں تھا اور پرنسپل صاحب کے نازیبا الفاظ پر انہیں بے حد افسوس ہے.

بچیوں کے رابطہ کرنے پر والدین نے سٹی پریس کلب چیچہ وطنی سے رابطہ کیا۔ سٹی پریس کلب چیچہ وطنی کے صحافی دونوں فریقین کا موقف لینے کیلئے جب ڈگری کالج چیچہ وطنی پہنچے تو پروفیسر افضل طیار نے مبینہ طور پر وہاں تعلیم حاصل کرنے والے لڑکوں کو بھڑکایا اور صحافیوں اور والدین پر حملہ کرانے کی کوشش کی.

والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر کالجز فوری نوٹس لیں اور واقعے کی انکوائری کرائیں. والدین کا مزید کہنا تھا کہ بچیوں سے نازیبا کلمات استعمال کرنے پر پرنسپل قاسم اعوان اور پروفیسر افضل طیار کا کالج ہذا سے تبادلہ کیا جائے تاکہ مزید بچیاں اس ناروا سلوک کی شکار نہ ہوں.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.