گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین ساہیوال میں ٹیوٹا سکلز سمر کیمپ کا انعقاد
ساہیوال میں ٹیکنیکل کالجز کا قیام طلبہ و طالبات کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی نےکہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کیلئے تعلیمی میدان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینا ہوگا۔
ساہیوال میں ٹیکنیکل کالجز کا قیام طلبہ و طالبات کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے جس سے علاقے کے طلبہ و طالبات خود روزگار حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم، ہنر اور ایمانداری کو اپنا شعار بنا کے ھم اس دنیا میں اہم مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین ساہیوال میں ٹیوٹا سکلز سمر کیمپ 2023 سٹوڈنٹ ڈے کے مو قع پر طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس مو قع پر پرنسپل ساجدہ نورین کے علاوہ اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔ پرنسپل نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
طالبات کو ٹیوٹا پنجاب کے تعاون سے ووکیشنل ٹریننگ کورسز کروا کر ہنر مند بنایا جا رہا ہے تاکہ ان میں مثبت رحجانات پیدا ہوں اور وہ مفید شہری بن کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبات میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری محنت اور لگن کے ساتھ کسی بھی کام کو کرنے کیلئے تیاری کریں کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔
اس مو قع پرگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین ساہیوال سے پاس آؤٹ ہونے والی طالبات نے کہا کہ اس کالج سے ہم بہت کچھ سیکھ کر اپنا کام کر رہے ہیں، ٹیوٹا کا یہ اقدام بہت اچھا ہے جو طالبات کو مفت کورسز کروائے جا رہے ہیں اور طالبات اس سے مستفید ہو رہی ہیں۔