گورنمنٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں یوم آزادی تقریبات

وہ قومیں ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی ہیں جنہوں نے خواتین کی تعلیم پر توجہ نہیں دی.

ساہیوال (ساہیوال نیوز – 12 اگست 2023) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں خواتین برابر کی حصہ دار ہیں اور کوئی ملک انہیں تعلیم سے محروم کر کے یہ مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔

وہ قومیں ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی ہیں جنہوں نے خواتین کی تعلیم پر توجہ نہیں دی اور انہیں نئی نسل کی بہتر تربیت کے لئے تیار نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں ڈویژنل آرٹ و تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی.

تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، پرنسپل مسز نغمانہ صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر احمد حسن اور گرلز کالجز کی پرنسپلز، اساتذہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ صرف نصابی تعلیم معاشرے کی اصلاح کے لئے کافی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی پوری توجہ دیں اور طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اس لئے اپنے وطن کی قدر کریں اور اسے عطیہ خداوندی سمجھتے ہوئے ہر شہری اس کی ترقی اور حفاظت میں اپنا اپنا کردار ادا کرے۔

اس سے پہلے کمشنر شعیب اقبال سید نے آرٹ مقابلوں میں طالبات کے رکھے ہوئے فن پارے دیکھے اور ان کے معیار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کریں کیونکہ بچیوں کی تعلیم سے ہی خاندان کی تعلیم و تربیت اور ان کی کردار سازی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں رواداری اور مثبت قدروں کا فروغ بھی بچیوں کی تعلیم سے ہی منسلک ہے جسے سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر شعیب اقبال سید اور دیگر شرکاء نے آزادی کیک کاٹا اور کالج لان میں پودا بھی لگایا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.