انٹری ٹیسٹ: ساہیوال میں 2 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ
کسی شخص کو مخصوص علاقے میں کسی بھی قسم کے احتجاجی مظاہرے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز) ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ کے دوران سنٹرز پر امن و امان قائم رکھنے کے لئے 9 اور10 ستمبر دو روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے.
دفعہ 144 کے تحت ساہیوال میں قائم امتحانی سنٹرز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج فرید ٹاؤن روڈ ساہیوال اور ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں حقیقی امیدوار جس کے پاس درست رول نمبر سلپ اور نگرانی کے لئے تعینات عملے کے علاوہ کوئی غیر متعلقہ شخص امتحانی مرکز کے اردگرد 100 میٹر کے علاقے میں داخل نہیں ہوگا۔
کسی شخص کو مخصوص علاقے میں کسی بھی قسم کے احتجاجی مظاہرے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحانی مراکز کے 100 میٹر کی حدود میں کسی نگران عملے یا امیدوار کو کتابیں، گائیڈز، حل شدہ پیپرز، ڈیجیٹل ڈائری، موبائل فون یا ہتھیار ساتھ لے جانے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی. طلبہ و طالبات، نگران عملہ کی جانب سے غیر منصفانہ ذرائع کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔