اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے کمیونٹی ڈائیلاگ کا اہتمام
کمیونٹی ڈائیلاگ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر تھے۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 12 اگست 2023) اقلیتوں کے قومی دن کی مناسبت سے لودھراں پائلٹ پروجیکٹ کے "آواز دو” پروگرام کے تحت مینارٹی ڈے کے موقع پر رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ایک کمیونٹی ڈائیلاگ کا اہتمام ای لائبریری ساہیوال میں کیا گیا.
کمیونٹی ڈائیلاگ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر تھے۔ تقریب میں شیخ نعمان آصف، ایلڈر دلبرجانی، شیخ اعجاز احمد رضا، سید علمدار حسین شاہ اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر الویرہ وقاص نے لودھراں پائلٹ پروجیکٹ اور آواز دو کی جانب سے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔اس مکالمے کو ضلع ساہیوال میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے اثرات کو سمجھنے، رواداری کو بہتر بنانے اور مذہبی اقلیتوں کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
عالیہ سندس، پروجیکٹ منیجر لودھراں پائلٹ پروجیکٹ نے تقریب سے شرکاء کو ڈائیلاگ کے اغراض ومقاصد بیان کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کا جھنڈا سفید رنگ کے بغیر نا مکمل ہے جو اس چیز کی عکاسی کرتا ہے کہ اقلیتوں کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔
ہم سب پاکستانی برابر ہیں۔ تقریب کے شرکاء نے گانا ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں ” بھی گنگنایا۔