ساہیوال میں مقامی طور پر تیار کردہ پہلی الیکٹرک موٹرسائیکل کا افتتاح

بغیر فیول کے چلنے والی ماحول دوست موٹر سائیکل کو جلد پبلک سیکٹر میں متعارف کروایاجائیگا.

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 14 اگست 2023 – ارشد فاروق بٹ ) چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا پنجاب احمد خاور شہزاد نے کہا ہے کہ ٹیوٹا پنجاب کی طرف سے تیار کردہ الیکٹرک موٹرسائیکل (ای بائیک) ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریگی.

بغیر فیول کے چلنے والی ماحول دوست موٹر سائیکل کو جلد پبلک سیکٹر میں متعارف کروایاجائیگا. ای بائیک اپنی نوعیت کی واحد موٹر سائیکل ہے جو جدید فیچرز سے مزین ہے اور آپ کے محفوظ سفر کی ضامن ہے۔

وہ یہاں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر ای بائیک کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ ڈاکٹر نوید عظمت، سابق صدر ایوان صنعت و تجارت و سفیر ساہیوال، ڈویژنل ڈائریکٹر ٹیوٹا مظہر فاروق اور سی ای او صفیہ رائس ملز احمد مبارک نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔

اس موقع پر سی او او ٹیوٹا پنجاب احمد خاور شہزاد نے ای بائیک کا باضابطہ افتتاح کیا اور ملکی و قومی سلامتی اور تعمیروترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تقریب کے دوران علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے ودیگر شرکاء نے سی او او احمد خاور شہزاد کی سربراہی میں تیار ہونیوالی ٹیوٹا پنجاب کی پہلی ای بائیک پر انہیں مبارک دی اور ای بائیک کو عصر حاضر کی ضرورت کے مطابق بہترین ایجاد قرار دیا۔

سی او او احمد خاور شہزاد نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک موٹر سائیکل (ای بائیک)کا منصوبہ خوش آئند ہے۔ یہ قدم مستقبل کی سوچ کے تحت اٹھایا گیا ہے، اس ماحول دوست بائیک سے ملک میں ہوا، پانی اور شہروں کو صاف رکھنے میں مدد ملے گی-

آج تک جتنے ممالک نے ترقی کی ہے انہوں نے ہمیشہ مستقبل کا سوچا ہے۔ انہوں نے حضور نبی کریم ﷺکے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”ہمیں آئندہ زندگی کے لئے ایسے جینا چاہئے کہ ہم نے کل ہی چلے جانا ہے لیکن دنیا میں رہنے کے لئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے“۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بائیک سے شہری آلودگی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ شہروں میں موٹر سائیکلز کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور الیکٹرک موٹرسائیکل سے آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

قبل ازیں مہمان خصوصی سی او او احمد خاورشہزاد نے پرچم کشائی کی اورجشن آزادی کیک کاٹ کرقوم کوآزادی کی مبارک باددی۔
بعدازاں انہوں نے ٹیکنیکل اداروں کے بنے پراجیکٹس کی نمائش کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ای بائیک تیارکرنے والی ٹیوٹا ساہیوال کی ٹیم کو شاباش دی اور ان میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ آخر پر کالج کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.