ڈی پی ایس ساہیوال میں کیمبرج سکول کی تعارفی تقریب
اس سال کلاسز کا آغاز راوی کیمپس ساہیوال میں کر دیا گیا ہے-

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 24 اگست 2023 – ارشد فاروق بٹ) ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں طلبہ و طالبات اور والدین کے لیے کیمبرج سکول کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی.
تقریب میں بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی- تقریب میں پرنسپل بریگیڈیر (ر) سید انورالحسن کرمانی نے سکول کا تعلیمی نظریہ پیش کیااور بتایا کہ بین الاقوامی تعلیمی معیار سے ہم قدم ہونے کے لیے ڈویژنل پبلک اسکول میں او لیول کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سکول کی نئی بلڈنگ مین کیمپس میں چھ ایکڑ اراضی پر بنائی جائے گی جس کے لئے بجٹ میں ابتدائی طور پر چھ کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے اور جلد ہی کیمپس کی تعمیر کا آغاز کردیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ اس سال کلاسز کا آغاز راوی کیمپس ساہیوال میں کر دیا گیا ہے- تقریب میں وائس پرنسپل راوی کیمپس میڈم مومنہ ایزد نے والدین کو میٹرک اور او لیول میں فرق سے آگاہ کیا اوراو لیول نظام تعلیم کی اہمیت بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے ڈی پی ایس میں کیمبرج سکول کے آغاز کو والدین کے ایک دیرینہ مطالبے کی تکمیل قرار دیا۔ اس موقع پر اولیول اساتذہ کا تعارف کروایا گیا اور والدین سےسوالات و جوابات کے سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا۔