کاشتکاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

اس سال ضلع ساہیوال میں 2 لاکھ 75 ہزار ایکڑ گندم کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود کاشتکاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ ایگریکلچر ایڈوائزری اینڈ ٹاسک فورس سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران سمیت، فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائندگان، کسان اتحاد کے نمائندوں، کھاد ڈیلرز اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے کھاد ڈیلرز کو کاشتکاروں کو مقررہ قیمت پر کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح انہوں نے نہری پانی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ زراعت ساہیوال پنجاب حکومت کے سلوگن ’گندم درآمد نہیں برآمد کرنی ہے‘ کے تحت کام جاری رکھے ہوئے ہے اوراس سلسلہ میں کسانوں کی ٹریننگ کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال ضلع ساہیوال میں 2 لاکھ 75 ہزار ایکڑ گندم کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 1 لاکھ 19 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ باقی ہدف بھی حاصل کر لیا جائیگا۔

اس موقع پر کسانوں کی جانب سے منڈی میں اجناس کی اوپن بولی کروانے، مارکیٹ کمیٹی کے زیر کنٹرول سرکاری کانٹے لگانے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.