کامسیٹس یونیورسٹی ساہیوال کیمپس میں فلسطینی تھیم کے ساتھ سٹوڈنٹ ویک فال 2023 کا آغاز
کامسیٹس ڈرامیٹک سوسائٹی کے طلبہ نے فلسطین میں جاری عالمی بے حسی پر خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) طلبہ و طالبات کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا اہتمام نہایت ضروری ہے تاکہ وہ فرصت کے اوقات میں مثبت سرگرمیوں میں مشغول رہیں۔
یہ بات ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد ظفر نے یونیورسٹی کے سٹوڈنٹ ویک فال 2023 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مذکورہ تقریب میں انچارج سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ظفر اقبال رائے، ڈپٹی رجسٹرار رانا عدیل عباد اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد ظفر نے کہا کہ فلسطین کے مسلمان بھائیوں کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے سٹوڈنٹ ویک میں میوزک اور گانوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ ویک کا مقصد طلبہ کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے جو ان کی گرومنگ اور شخصیت کی نشوونما کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیاں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے تمام طلباءکو کھیلوں اور دیگر مشاغل میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی۔
انچارج سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ظفر اقبال رائے نے بتایا کہ فلسطینی بھائیوں کی مالی امداد کے لیے بھی خصوصی فنڈ ریزنگ سرگرمی کا آغاز کیا گیا ہے۔ جس میں فیکلٹی، سٹاف اور طلبہ کی جانب سے فنڈز اکٹھے کیے جائیں گے۔ تقریب کے دوران فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ محبت کے لیے طلبہ نے فلسطینی سکارف پہن رکھے تھے جس دوران کامسیٹس ڈرامیٹک سوسائٹی کے طلبہ نے فلسطین میں جاری عالمی بے حسی پر خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کے مقابلوں کا بھی آغاز کیا گیا۔ افتتاحی سیشن کے بعد ایونٹ مینجمنٹ سوسائٹی، میوزک کلب، لٹریری سوسائٹی، ڈرامیٹک سوسائٹی، خطاطی اور فائن آرٹس سوسائٹی، سائنس کلب، ایڈونچر کلب، ہیلتھ سوسائٹی، سپورٹس کلب، اور میڈیا سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کئی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔