وزیر اعلی پنجاب نے ساہیوال کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی
فنڈز کی منظوری سے زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس مکمل کیا جائے گا اور اندرون جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کے کام کا آغاز ہو گا -

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 25 اگست 2023 – ارشد فاروق بٹ) وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی نے ساہیول شہر کے دو اہم ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراءکی منظوری دیدی .
فنڈز کی منظوری سے زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس مکمل کیا جائے گا اور اندرون جی ٹی روڈ کی تعمیر نو کے کام کا آغاز ہو گا – انہوں نے یہ منظوری ویڈیولنک اجلاس میں دی جس میں ساہیوال ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا –
کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات بارے تفصیلی بریفنگ دی – ایکسیئن ہائی وے میاں افتخار احمد نے بتایا کہ زیر تعمیر ساہیوال بائی پاس کا فیز 1 سرور چوک سے ہڑپہ روڈ تک مکمل ہو چکا ہے جبکہ ہڑپہ روڈ سے نیشنل ہائی وے تک فیز II پر کام جاری ہے.
اس اہم منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے مزید 42 کروڑ روپے درکار ہیں جس پر وزیراعلی نے مطلوبہ رقم جاری کرنے کی منظوری دی تاکہ اسے دسمبر تک مکمل کیا جا سکے۔
منصوبے پر کل ایک ارب 65 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے ساہیوال شہر سے گزرنے والی اولڈ جی ٹی روڈ کو عارف والا چوک سے ملتان بائی پاس تک ون وے کرنے اور عارف والا چوک سے لاہور بائی پاس تک کی تعمیر نو کی بھی منظوری دیدی جس پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 73کروڑ روپے لگایا گیا ہے –
منصوبے کی باضابطہ منظوری اور فنڈز کے اجراءکے بعد اس اہم منصوبے پر کام کا آغاز ہو گا۔ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی نے ساہیوال ڈویژن اور گردو نواح کے اضلاع کے ہارٹ کے سینکڑوں مریضوں کے بہتر علاج معالجے اور بائی پاس کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ایک جدید کارڈیالوجی ہسپتال کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے سیکرٹری ہیلتھ کو ساہیوال جا کر منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس میں بتایا کہ پنجاب حکومت پاکپتن میں دربار بابا فرید کی تعمیر و توسیع کے ایک بڑے منصوبے پر عملدر آمد کرنے جا رہی ہے جس سے زائرین کو تمام ضروری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے نئے منصوبوں کے دوبارہ جائزے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہوم ورک کرنے کی بھی ہدایت کی۔