بورے والا میں دوران ڈکیتی تاجر کا قتل، ورثاء کا احتجاج

مقتول حافظ قاسم آڑھت کے کاروبار سے منسلک تھا اور 5 بیٹیوں کا باپ تھا۔

بورے والا (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) پولیس اور ڈاکٹروں کے ناروا سلوک پر دوران ڈکیتی قتل ہونے والے تاجر حافظ قاسم کے ورثاء نے روڈ بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا.

پولیس اور ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، ڈی ایس پی کی 72 گھنٹے میں ملزمان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

تفصیل کے مطابق آڑھت کے کاروبار سے منسلک مقامی تاجر و تحریک لبیک کے سرگرم کارکن حافظ قاسم سکنہ موضع جودھیکا اپنے بیوی بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نواحی گاوں291 ای بی کے قریب گذشتہ رات 9 بجے ناکہ لگائے کھڑے ڈاکووں نے نہ رکنے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر حافظ قاسم شدید زخمی ہو گیا۔

تشویشناک حالت میں اسے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کیا گیا جہاں پر سرجن ڈاکٹر موجود نہ ہونے پر ہسپتال انتظامیہ نے جان چھڑانے کے لیے شدید زخمی تاجر کو ساہیوال ریفر کر دیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔

ورثاء پوسٹمارٹم کے لیے واپس ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا پہنچے تو وہاں پر ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے پوسٹمارٹم میں تاخیر کر دی گئی۔ جس پر ورثاء مشتعل ہو گئے اور مقتول کی نعش 259 ای بی لاہور روڈ پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔

روڈ بند ہونے پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ ڈی ایس پی عمر فاروق پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور روایت کے مطابق مظاہرین سے مذاکرات کر کے ورثاء کو 72 گھنٹے میں رزلٹ دینے کا وعدہ کیا جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔ مقتول حافظ قاسم آڑھت کے کاروبار سے منسلک تھا اور 5 بیٹیوں کا باپ تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.