چیچہ وطنی شہر میں بھکاریوں کی بھرمار، شہری شدید پریشانی کا شکار
خوبرو نوجوان لڑکیاں بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ شریف شہریوں کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں

چیچہ وطنی (ساہیوال اپڈیٹس – طاہر جواد سے) چیچہ وطنی شہر میں بھکاریوں کی بھرمار نے شریف شہریوں کو شدید پریشانی کا شکار کر رکھا ہے. ان بھکاریوں میں نوجوان لڑکیاں اور بچے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی شہر میں بھکاریوں کی بھر مار نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے ، ان بھکاریوں میں نوجوان لڑکیاں اور بچے شامل ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ پر بھیک مانگتے ہوئے نظر آتے ہیں اور اگر انہیں کوئی بھیک نہ دے تو برا بھلا کہنا اور بددعائیں دینا شروع کر دیتے ہیں۔
خوبرو نوجوان لڑکیاں بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ شریف شہریوں کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں اور دعوت گناہ پر مائل ہیں. بھکاری لڑکیاں اور لڑکے دکانوں اور گھروں سے قیمتی اشیا بھی اٹھا کر لے جاتے ہیں۔
اس سلسلہ میں تاجر برادری اور عام شہریوں کا کہنا ہے کہ بھکاریوں نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں اور تاجر برادری نے مطالبہ کیا ہے اوکانوالہ روڈ، کالج روڈ ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ، مین بازار، جنرل بس اسٹینڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں میں ڈیرے ڈالے بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی جائے.