بارانی فاونڈیشن ساہیوال اور ریجنل ٹیکس آفس کے مابین معاہدہ

معاہدے کے مطابق "نیشن بلڈرز سکالر شپس" کا اجراء کیا جائے گا۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – 12 اگست 2023) ساہیوال کے ذہین بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں اپنا کیریئربنانے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لئے بارانی فاونڈیشن ساہیوال اور ریجنل ٹیکس آفس کے مابین معاہدہ ہوا ہے.

معاہدے کے مطابق "نیشن بلڈرز سکالر شپس” کا اجراء کیا جائے گا جس سے ٹیکس آفس کے ملازمین کے بچوں کی مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

معاہدے پر بارانی فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن میاں محمد ساجد اور ریجنل ٹیکس آفس ساہیوال کے ایڈیشنل کمشنر ذوالفقار علی نے دستخط کئے۔

اس موقع پر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم اور چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ساہیوال ڈاکٹر احمد شہاب، کمشنر ان لینڈ ریونیو ساہیوال زون عاطف بشیر، کمشنر ان لینڈ ریونیو اوکاڑہ زون عبدالرزاق خان، رجسٹرار بارانی یونیورسٹی محمد عقیل سلطان، ڈاکٹر خالد سیف اللہ، ڈاکٹر شہباز احمد خان، ڈاکٹر ثاقب مجید، ڈاکٹر عامر سلیم اور ڈاکٹر رائے عامر بھی موجود تھے۔

معاہدے سے بارانی فاؤنڈیشن ساہیوال ریجنل ٹیکس آفس کے افسران اور ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے انہیں وظائف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی رہنمائی بھی کرے گی تاکہ وہ درست شعبے کا چناؤ کر کے ملک و قوم کے لئے مفید شہری بن سکیں۔

وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے اس اہم معاہدے پر بارانی فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن میاں محمد سجاد کے علم دوست جذبے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بارانی فاؤنڈیشن ساہیوال کے ذہین طلبہ و طالبات کی سرپرستی جاری رکھے گی جس سے نہ صرف اس خطے بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن ہوگا۔

انہوں نے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر اس معاہدے کی تکمیل کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے مخیر حضرات اور دیگر سماجی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ ذہین طلبہ و طالبات کی راہ میں حائل مالی مشکلات کو دور کریں تاکہ وہ بھی آگے بڑھ کر اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کر سکیں اور پاکستان کے لئے مفید شہری ثابت ہوں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.