عارف والا : محلہ عید گاہ میں ماموں نے ایک سالہ بھانجے کو ذبح کر دیا
پولیس تھانہ سٹی نے مقتول بچے کی دادی بلقیس بی بی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے.

عارف والا (ساہیوال اپڈیٹس – انعام بٹ) عارف والا شہر میں افسوسناک واقعات کا تسلسل جاری ہے اور 24 گھنٹے کے دوران تیسرے قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے.
تفصیلات کے مطابق محلہ عید گاہ میں ماموں نے نابالغ بھانجے کے گلے پر چھری پھیر دی اور اپنے والد پر بھی قاتلانہ حملہ کیا. ارم بی بی زوجہ علی رضا اپنے ایک سالہ بیٹے مومن کے ہمراہ میکے آئی ہوئی تھی جہاں رات کے آخری پہر اسکے سگے بھائی نے بھانجے کے گلے پر چھری پھیر کر اسے قتل کر دیا.
ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے خضر حیات کا کہنا ہے کہ ملزم نے اس دوران اپنے والد عالم علی پر حملہ کیا لیکن وہ بچ گیا. ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نشے کا عادی اور اسکا ذہنی توازن درست نہیں ہے.
پولیس تھانہ سٹی نے مقتول بچے کی دادی بلقیس بی بی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے. واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی عارف والا کی البدر کالونی میں ماموں نے جائیداد کے تنازع پر بہن اور بھانجے کو قتل کر دیا تھا. قتل کے افسوسناک واقعات کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے.