یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جناح ہال میں تقریب

دفاع پاکستان کو مضبوط بنا کر ہی بقائے پاکستان کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ساہیوال (ساہیوال اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ) یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جناح ہال میں تقریب منعقد کی گئی. کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور آر پی او محبوب رشید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

جبکہ مہمان اعزاز میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر احمد حسن، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی سمیت اساتذہ، طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی، صحافی، وکلاء اور مختلف شعبہ زندگی سے وابسطہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اپنے بچوں سے محبت کی طرح وطن سے بھی اسی طرح والہانہ محبت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت، ترقی اور امن میں ہی ہماری ترقی ہے اور اس کے مستقبل کے ساتھ ہمارا مستقبل جڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج 6 ستمبر عہد کرنے کا دن ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او محبوب رشید نے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہم آزادی کیساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کو مضبوط بنا کر ہی بقائے پاکستان کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے کہا کہ 1965 میں جذبہ نہیں بلکہ ایک کیفیت تھی جو پوری قوم پر طاری ہوئی اوروہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑی ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ فوج تب ہے جب قوم پیچھے کھڑی ہو اور قوم کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا اور سب سے بڑا ہتھیار ایمان اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کا جذبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دوبارہ 6 ستمبر 1965 کے جذبے کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے باہر نکالا جا سکے۔
تقریب کے دوران کمشنر شعیب اقبال سید، آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کواردینیشن شفیق احمد ڈوگر اور پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی نے شہدا کو پھولوں کی سلامی پیش کی اور مختلف سکولز کے طلبہ و طالبات نے بچوں نے ٹیبلو شو، تقاریر اور ملی نغموں کے ذریعے شہدا پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.